میں ایسی مُحبت کرتا ہوں

ناکام نہیں… ناشاد نہیں…
میں قیس نہیں…. فرہاد نہیں…
پُنوں بھی نہیں… رانجھا بھی نہیں…
وامِق بھی نہیں… مرزا بھی نہیں…
وہ لوگ تو بس افسانے تھے…
اس شدت سے بے گانے تھے…
میں زندہ ایک حقیقت ہوں …
سر تاپا جذبہِ اُلفت ہوں…
میں تم کو دیکھ کے جیتا ہوں…
ہر لمحہ تم پہ مرتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

تم جس سے ہنس کے ملتی ہو…
میں اُس کو دوست بناتا ہوں…
تم جن رستوں پہ چلتی ہو…
میں وہیں سے آتا جاتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

جن لوگوں میں تم رہتی ہو…
تم جن سے باتیں کرتی ہو…
جو تم سے ہنس کے ملتے ہیں…
جو تم کو اچھے لگتے ہیں…
وہی مجھ کو اچھے لگتے ہیں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

جس باغ میں صُبح کو جاتی ہو…
جس سبزے پہ تم چلتی ہو…
جو شاخ تمہیں چُھو جاتی ہے…
جو خُوشبو تم کو بھاتی ہے…
وہ اوس تمھارے چہرے پر…
جو قطرہ قطرہ گرتی ہے…
وہ تتلی چھوڑ کے پُھولوں کو…
جو تم سے ملنے آتی ہے…
جو تم کو چُھونے آتی ہے…
اُن سب کے نازُک جذبوں میں…
میرے دل کی دھڑکن بستی ہے…
میری روح بھی شامل ہوتی ہے…
تم پاس رہو، یا دُور رہو…
نظروں میں سمائی رہتی ہو…
میں تم کو تکتا رہتا ہوں…
میں تم کو سوچتا رہتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

تم جہاں پہ بیٹھ کے جاتی ہو…
جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہو…
میں وہیں پہ بیٹھا رہتا ہوں…
اُس چیز کو چھوتا رہتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

تم جن کو دیکھتی رہتی ہو…
وہ خواب سرہانے رکھتا ہوں…
میں تم سے یوں ملنے جُلنے کے…
کتنے ہی بہانے رکھتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

کچھ خواب سجا کر آنکھوں میں…
پلکوں سے موتی چُنتا ہوں…
کوئی لمس اگر چُھو جائے تو…
میں پہروں اُس کو گنتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

وہ جگہ جہاں تم ہوتی ہو…
میں اُس کو تکتا رہتا ہوں…
جس کُرسی پہ تم بیٹھتی ہو…
میں اُس کو چُھوتا رہتا ہوں…
وہ ڈائری جو تم نے گُم کی تھی…
میں اپنے بیگ میں رکھتا ہوں…
گدلا سا اِک ٹشو پیپر…
جو تم نے کہیں پہ چھوڑا تھا…
وہ میرے پرس میں رہتا ہے…
وہ میرے لمس میں رہتا ہے…
وہ مخمل ہے، وہ دیبا ہے…
وہ چاندی ہے، وہ سونا ہے….
وہ عنبر ہے، وہ صندل ہے…
وہ خُوشبو کا اِک جنگل ہے…
ہر منظر میں، ہر رستے پر…
میں ساتھ تمھارے ہوتا ہوں…
میں چشمہِ تصور سے اکثر…
بس تم کو تکتا رہتا ہوں…
بس تم کو سوچتا رہتا ہوں …
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
تم کیسی مُحبت کرتی ہو؟

میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
میں ایسی مُحبت کرتا ہوں…
—گمنام

← back